18 مئی ، 2013
کراچی…ملک بھر میں مبینہ انتخابی دھاندلیوں کے خلاف مختلف جماعتوں اور اُمیدواروں کی جانب سے احتجاج اوردھرنے جاری ہیں۔ لاہور میں انتخابی دھاندلیوں کے خلاف احتجاجی دھرنا ساتویں دن بھی جاری رہا جبکہ کراچی میں جماعت اسلامی نے صوبائی الیکشن کمیشن جبکہ تحریک انصاف کا فائیو اسٹار چورنگی کے قریب دھرنا جاری ہے۔اُدھرانتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف قلعہ سیف اللہ اور پارہ چنار میں آج بھی احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ جاری رہابلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 20 قلعہ سیف اللہ میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جمیعت علماء اسلام نظریاتی کے کارکنوں نے ساتویں روز بھی ڈی سی قلعہ سیف اللہ کے دفتر کے سامنے دھرنا دیا۔ مظاہرینکا مطالبہ ہے کہ حلقے کے 15 پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ کرائی جائے۔قبائلی علاقے کرم ایجنسی کے این اے 37میں مبینہ دھاندلی کے خلاف شہید پارک پاراچنارمیں خواتین کا 6روز سے دھرنا جاری ہے ،جس کی وجہ سے مین روڈ بند ہوگئے ہیں۔حلقہ این اے 181لیہ کے امیدوار اور سابق وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار سردار بہادر احمد خان نے الزام لگایا کہ مسلم لیگ ن کے امیدوار کو جتوانے کے لئے وسیع پیمانے پردھاندلی کی گئی۔ حلقہ این اے 168 وہاڑی پر مبینہ دھاندلیوں کے خلاف تحریک انصاف کے امیدوار اسحاق خان خاکوانی کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے تیسری مرتبہ گنتی کا حکم جاری کردیا ہے، اس حلقہ میں 19 مئی کو تمام امیدواروں کے سامنے ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔