18 مئی ، 2013
کراچی…ڈسٹرکٹ ریٹرنگ افسر ساوٴتھ شاہد شفیق نے کہا ہے کہ 11 مئی کو انتخابی سامان سٹی کورٹ سے لے جانے نہیں دیا گیا، انتخابی عملے کو ڈرایا اور دھمکایا بھی گیا انھوں نے یہ بات کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں کہی ،این اے 250 کے 43 پولنگ اسٹیشنوں پر کل ہونے والی پولنگ کے لیے ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر جنوبی کے دفتر میں پاک فوج کے جوانوں نے سیکورٹی انتظامات سنبھال لیے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر جنوبی کے دفتر سے پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی سامان کی ترسیل کی جائیگی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ریٹرنگ افسرجنوبی شاہد شفیق نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 43 پولنگ اسٹیشنز کی سیکورٹی کے لیے فوج تعینات کی جارہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 11 مئی کو پولنگ کے لیے بھی این اے 248 سے 251 تک فوج کی تعیناتی کی درخواست کی تھی۔ 11 مئی کو انتخابی عملے کو ڈرایا دھمکایا گیا، بعض کو اغوابھی کیا گیا جبکہ انتخابی سامان سٹی کورٹ سے لے جانے ہی نہیں دیا گیا ۔ ڈسٹرکٹ ریٹرنگ افسر جنوبی شاہد شفیق کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ جنوبی کے تمام حلقوں میں دھاندلی سمیت انتظامی مسائل سے متعلق رپورٹ الیکشن کمیشن کو بھیج دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ این اے 250کے جن علاقوں میں انتخابی عمل ہوگا وہاں فوج کی بکتربندگاڑیوں نے گشت شروع کردیا ہے۔