پاکستان
18 مئی ، 2013

آرمی چیف کی شریف بردران سے ملاقات، قومی چارٹر پرعمل درآمد کی یقین دہانی

آرمی چیف کی شریف بردران سے ملاقات، قومی چارٹر پرعمل درآمد کی یقین دہانی

لاہور… آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف سے طویل ملاقات کی ہے ، نواز شریف نے ملک کو درپیش چیلنجز سے متعلق پارٹی کا قومی چارٹر آرمی چیف کو پیش کیا، جنرل کیانی نے اس پرعمل درآمد کیلئے سیکیورٹی اداروں کی طرف سے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اورمیاں نوازشریف کے درمیان ملاقات جنرل کیانی کی خواہش پر لاہورمیں ہوئی۔ آرمی چیف عسکری کانوائے کے بغیر ماڈل ٹاون میں شہبازشریف کی رہائش گاہ ایچ 96 پہنچے۔ ملاقات میں شہبازشریف بھی موجودتھے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس موقع پردہشت گردی کے خلاف جنگ ،سیکیورٹی امور اور ملک کو درپیش دیگر چیلنجز کامقابلہ کرنے کیلئے مل کرکام کرنے پراتفاق کیاگیا۔ خطے اورسرحدوں کی صورت حال پربھی بات چیت کی گئی۔ میاں نواز شریف نے مسلم لیگ ن کا قومی چارٹر بھی آرمی چیف کو پیش کیا، جس میں ملک کو درپیش چیلنجز کا تفصیلی ذکرموجودہے، آرمی چیف نے سیکیورٹی اداروں کی طرف سے یقین دہانی کرائی کہ اس چارٹرپرعمل درآمدمیں تعاون کیاجائے گا۔ دونوں رہنماوں نے کھانابھی ایک ساتھ کھایا۔ مسلم لیگ نون کے اعلامیے میں کہاگیاہے کہ میاں نوازشریف اورآرمی چیف کے درمیان ملاقات میں امن وامان اورخطے کی صورت حال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔

مزید خبریں :