26 مئی ، 2013
ڈبلن…پاکستان نے دوسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں آئرلینڈ کو دو وکٹوں سے شکست دیکر سیریز بھی ایک صفر سے اپنے نام کرلی۔اس سے قبل آئرلینڈ نے پاکستان کو جیت کیلیے 230ہدف دیا تھا،جو کہ پاکستان نے 48.4اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 230بناکر پورا کرلیا۔پاکستان کی جانب سے کامران اکمل نے شاندار 81رنز بنائے، انکے علاوہ وہاب ریاض 47ناٹ آؤٹ ، شعیب ملک 43،کپتان مصباح الحق 24دیگر قابل ذکر بیٹسمین تھے۔کامران اکمل کو انکی شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی گردانا گیا۔آئرلینڈ کی جانب سے مرتاخ ،جانسٹن اور کویسک نے دو دو جبکہ اوبرائن اور ڈوکریل نے ایک ایک وکٹ لی۔اس سے پہلے پاکستان کے قائد مصباح نے ٹاس جیت کر آئرش الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔اور آئرش ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 229کا مجموعہ تراشا۔جس میں جوائس نے شاندار 116رنز پر مبنی سنچری داغی،انکے علاوہ کیون اوبرائن 38اورنیال اوبرائن نے 29رنز بنائے ۔پاکستان کی جانب سے عبدالرحمن نے چار، جنید خان نے دو جبکہ اسد علی،وہاب ریاض اور حفیظ نے ایک ایک وکٹ لی۔