09 جون ، 2013
لندن…ایک برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی نے مارچ 2013 میں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ ریکارڈ کی 97 ارب انٹیلی جنس معلومات حاصل کیں۔ سب سے زیادہ ریکارڈ ایران اور پاکستان سے حاصل کیے گئے۔ برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق امریکی ایجنسی نے دنیابھر میں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کی نگرانی کا جدید نظام قائم کررکھا ہے جس کے ذریعے انٹیلی جنس معلومات حاصل کی جاتی ہیں۔ برطانوی اخبار گارڈین نے امریکی سیکیورٹی ایجنسی کی انتہائی خفیہ دستاویز حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کے مطابق صرف مارچ 2013 میں دنیا بھر سے 97 ارب انٹیلی جنس معلومات حاصل کی گئیں۔ ایران سے 14 ارب اور پاکستان سے ساڑھے 13 ارب خفیہ معلومات اکٹھی کی گئیں۔ امریکا کے ٹیلی فون اور انٹرنیٹ نیٹ ورک سے 3 ارب انٹیلی جنس معلومات حاصل کی گئیں۔ برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ تازہ دستاویزات سے امریکی ایجنسی کے اس دعوے کی تردید ہوتی ہے کہ انٹیلی جنس معلومات کا ریکارڈ نہیں رکھا جاتا۔دوسری جانب امریکی حکام کا کہنا ہے کہ خفیہ معلومات افشا کرنیوالے کا پتا لگایا جائے گا اور اسے امریکی قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔ امریکی حکام کے مطابق اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر کو تحقیقات شروع کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔