17 جون ، 2013
ڈی جی خان…وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ الگ صوبے کا ناٹک رچانے والوں کا الیکشن میں صفایا ہو گیا ، ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھیں گے ،ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے وزراء بااختیار ہوں گے تاہم ان کا احتساب بھی ہوگا،سب سے پہلے وہ خود کو احتساب کیلئے پیش کرینگے،شہبازشریف نے کہا کہ وہ کرپشن برداشت نہیں کرینگے ، تھانا اور پٹوار کلچر ختم کرنے کا عزم کر رکھا ہے،انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ آفس کے اخراجات میں 30 فیصد کمی کر دی جائے گی ،بڑے گھروں پر ٹیکس لگے گا ،اشرافیہ اور کم وسیلہ طبقات میں ٹکراوٴ روکنے کیلئے امراء کو قربانی دینا ہوگی،وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی برقرار رہے گی، توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائینگے ۔