18 جنوری ، 2012
اسلام آباد…اسلام آباد ہائی کورٹ نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعیم خالدلودھی کی سیکرٹری دفاع کے عہدے سے برطرفی کے خلاف درخواست پر صدر اور وزیراعظم سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔ نعیم خالدلودھی نے سیکرٹری دفاع کے عہدے سے اپنی برطرفی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے درخواست میں صدر اور وزیراعظم کے ساتھ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور قائم مقام سیکرٹری دفاع کو فریق بنایاہے۔جسٹس ریاض خان نے درخواست پرابتدائی سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے موکل کو سنے بغیر عہدے سے فارغ کر دیا گیا جو بدنیتی پر مبنی ہے۔ فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ فریقین کو سنے بغیر ایسا نہیں کیا جاسکتا۔بعد میں فریقین سے فروری کے دوسرے ہفتے تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔