18 جون ، 2013
لندن …متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مردان میں نمازجنازہ کے دوران بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اورپاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی عمران مہمندسمیت متعددنمازیوں کے جاں بحق اورزخمی ہونے پردلی افسوس کااظہارکیاہے۔ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ درندہ صفت سفاک دہشت گرداپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے تسلسل کے ساتھ مساجد،عبادتگاہوں، بزرگان دین کے مزارات ،تعلیمی اداروں ،سرکاری اداروں،سیکوریٹی فورسزسمیت بازاروں اورشاہراہوں پرموجود معصوم شہریوں کوتسلسل کے ساتھ دہشت گردی کانشانہ بنارہے ہیں تاہم انہیں روکنے اورگرفتار کرنے والاکوئی نہیں۔ الطاف حسین نے بم دھماکے میں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی عمران مہمندسمیت جان بحق ہونیوالے تمام نمازیوں کیلئے دعائے مغفرت کی اور سوگورارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے انہیں صبرکی تلقین کی۔انہوں نے صدرپاکستان آصف علی زرداری ،وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار،خیبرپختونخواہ کی حکومت سے مطالبہ کیاکہ بم دھماکے کاسختی سے نوٹس لیاجائے اور ملوث دہشت گردوں کوگرفتارکرکے عبرتناک سزادی جائے۔