18 جون ، 2013
لاہور…پنجاب کے وزیر اعلیٰ محمدشہباز شریف کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے انقلابی بجٹ پیش کیا ہے جو سماجی شعبوں کی مربوط ترقی کا روڈ میپ ثابت ہوگا۔سادگی اور کفایت شعاری کا آغاز وزیراعلیٰ آفس سے کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نیان خیالات کااظہاراپنی زیرِصدارت اجلاس میں کیا ،انہوں نے کہاکہ غریب اور کم وسیلہ طبقات پر ایک پائی کا بوجھ نہیں ڈالا گیا،صرف اشرافیہ پر ٹیکس لگایا گیاہے،امراء سے حاصل ہونے والے وسائل کم وسیلہ طبقات پر صرف کئے جائیں گے۔ان کاکہناتھاکہ ترقیاتی وژن کا شاہکار بجٹ عوام کیلئے ترقی اور خوشحالی کا نیا دور لے کر آئے گا، راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد میں میٹرو بس کے منصوبے شروع کریں گے،وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے93ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، جبکہ تعلیم،صحت اور توانائی کے شعبوں کیلئے بھی خطیر رقم مختص کی گئی ہے، مزدور کی کم از کم ماہانہ اجرت9ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کردی گئی ہے۔