11 مارچ ، 2012
کراچی … لیاری سے منتخب پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے کہا ہے کہ صدر مملکت سے 5 ہزار نوکریاں مانگی ہیں انہوں نے تعاون کا یقین دلایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جنہوں نے بندوقیں اٹھائی ہوئی ہیں وہ چھوڑ دیں، ہم انہیں سرکاری نوکریاں دیں گے۔ یہ بات انہوں نے کلری گراوٴنڈ لیاری میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ نبیل گبول نے کہاکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی روح اس جلسہ میں موجود تمام قومیتوں کو ایک ساتھ دیکھ کر خوش ہوگی اور لیاری والے شہید بی بی کے سچے سپاہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں وہ پہلوان تھا جس کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے پھر بھی لڑتا رہا اور میرا مقصد لوگوں کو آپس میں لڑانا نہیں ملانا ہے۔ نبیل گبول نے کہا کہ لیاری میں ہماری طاقت کسی ایک قوم سے نہیں بلکہ تمام قوموں کی وجہ سے ہے۔ الیکشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔ اس موقع پر کچھی رابطہ کمیٹی کے سربراہ حسین کچھی نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ میں 24 کچھیوں کے قتل ہوئے ہیں لیکن کچھی برادری پیپلز پارٹی اور بھٹو کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لیاری میں کچھ لوگ اپنے مفادات کیلئے بد امنی اور دہشت گردی پھیلا رہے ہیں لیکن ہم اسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ جلسہ سے لیاری کے رکن سندھ اسمبلی سلیم ہنگورو اور رفیق انجینئر نے بھی خطاب کیا۔