20 جولائی ، 2013
اسلام آباد…حکومت نے الیکشن کمیشن سے صدارتی انتخاب کا شیڈول تبدیل کرنے کی درخواست کردی ہے، الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ نے حکومتی موقف کی مخالفت کر دی۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق وزارت قانون کی جانب سے لکھے گئے خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ صدارتی انتخاب کا دن 6اگست رمضان کے آخری عشرے میں ہے، اس دوران بہت سے ارکان اعتکاف اور عمرے کی ادائیگی میں مصروف ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے صدارتی انتخاب کی کوئی نئی تاریخ تجویز نہیں کی گئی۔ الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ نے حکومتی موقف کی مخالفت کرتے ہوئے اپنی سفارشات میں کہا ہے کہ حکومتی جواز شیڈول کی تبدیلی کیلیے ناکافی ہے۔الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ نے حکومتی خط کو اپنی سفارشات کے ساتھ الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا ہے۔شیڈول کی تبدیلی کا حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔