14 مارچ ، 2012
لاہور… پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے موجودہ حکومت کی مشاورت سے نہیں ہو رہے۔ اس پر وہ کچھ نہیں کہہ سکتے کہ پرویز مشرف کے دور میں مفاہمت سے ڈرون حملے ہوتے رہے ہیں۔لاہورکی ایک نجی یونیورسٹی میں سیمینارسے خطاب اور جیونیوز سے گفتگو میں رضاربانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا مسئلہ سنگین ہوتا جا رہا ہے پہاڑوں میں موجود بلوچ رہنماوٴں سے مذاکرات وقت کی ضرورت ہیں وہاں کام کرنے والی وفاقی ایجنسیوں کو چاہئے کہ وہ صوبائی حکومت سے مل کر کام کریں۔ سینیٹر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم کے نتیجے میں 85 فیصد وسائل اور اختیارات صوبوں کو مل گئے۔ مشرف کا بلدیاتی نظام فرسودہ اور صوبائی حکومتوں کو نظر انداز کئے ہوئے تھا، نئے بلدیاتی انتخابات کرانا صوبوں کی ذمہ داری ہے وہ مناسب وقت پر کرا لیں گے۔