14 مارچ ، 2012
لاہور… سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن ملک میں آزاد اور غیر جانبدار عدلیہ قائم کرے، ججوں کی برادری نہ بنائے۔ لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصمہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ وہ نہیں مانتیں کہ عدلیہ ایک دم پاک، نیک اور شفاف ہو گئی ہے، عام سائل نا خوش ہے اور نا ہی اسے انصاف ملتا ہے۔ عاصمہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ وہ خبردار کرتی ہیں کہ جوڈیشل کمیشن کے نمائندے میرٹ پر بھرتیاں کریں۔ ججوں کے چیمبروں سے جج بنائے جانے بند کئے جائیں۔ ہائیکورٹ میں نئے ججوں کے تقرر کے لئے اہل وکلا کو چھوڑ دیا گیا عاصمہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ وکلا کو ججوں کی رکھوالی نہیں کرنی عدلیہ کو اپنے لئے نہیں عام لوگوں کے لئے مضبوط کرنا ہے۔