14 مارچ ، 2012
رحیم یار خان… روجھان کے موضع کچا چوہان میں پنچایت نے دوکمسن بچیوں کو ونی کر دیا، بچیوں کے بھائی نے دو ماہ قبل خاندان کے تنازعے پر اپنی منگیتر سے کورٹ میرج کر لی تھی۔ذرائع کے مطابق بچیوں کو ونی کرنے سے متعلق پنچایت رحیم یار خان سے متصل موضع کچا چوہان کی بستی بھٹیاں میں منعقد ہوئی۔ ذرائع کے مطابق کمسن بچیوں جمیلہ اور انیلہ کو یہ سزا اس لیے دی گئی کہ ان کے بھائی ارشد نے دو ماہ قبل اپنی منگیترنسرین سے دونوں خاندانوں میں تنازعہ ہونے کے بعد کورٹ میرج کر لی تھی۔ شادی کے بعد دونوں میاں بیوی کراچی چلے گئے جس کے کچھ ہفتے بعد وڈیروں نے بستی بھٹیاں میں پنچایت بلا لی۔ ونی کرنے کے بعد پنچایت کی جانب سے دونوں بچیوں کی شادی کرنے کے لیے والدین پر دباوٴڈالا جارہا ہے، بچیوں کے اغواء کے خوف سے والدین نے انہیں اپنے رشتہ داروں کے پاس کراچی بھجوا دیاہے۔ بچیوں کے والدین کا کہنا ہے کہ پنچایت کے فیصلے پر پہلے تووہ مجبورا راضی ہو گئے تھے لیکن فورا شادی کرنے کے دباوٴ پر انہوں نے فیصلہ ماننے سے انکار کر دیاہے۔۔ والدین نے اپیل کی ہے کہ بچیوں کو ونی ہونے سے بچایا جائے۔