پاکستان
14 مارچ ، 2012

بوگس ووٹرز لسٹ، چیف جسٹس کی سیکریٹری الیکشن کمیشن پر برہمی

بوگس ووٹرز لسٹ، چیف جسٹس کی سیکریٹری الیکشن کمیشن پر برہمی

اسلام آباد… بوگس اندراج سے پاک ووٹر لسٹوں کی تیاری کے مقدمہ میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن کے 4 ارکان نے لکھ کر دیا ہے کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے انہیں عدالتی احکامات پر اندھیرے میں رکھا۔ چیف جسٹس افتخار چودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے مقدمہ کی سماعت کی،سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے اپنے مستعفی ہونے سے متعلق وزیراعظم کو بھیجے گئے خط کی مستند نقل عدالت میں پیش کی، چیف جسٹس نے اس خط کے مندرجات پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سیکریٹری سے کہاکہ آپ نے پوری عدلیہ کو برا بھلا کہا ہے، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ شاید یہ استعفی وزیراعظم کے سامنے اچھا کیس ہو لیکن عدالت نے اسے آئین و قانون کے مطابق دیکھنا ہے، سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ جبر کے تحت انتخابی فہرستیں قبول نہیں، چودہ سیاسی جماعتوں میں سے صرف 3 نے کہاکہ ووٹر لسٹیں ، عدالتی حکم کے مطابق بننی چاہیئں، عدالت نے جاری ابتدائی ووٹر لسٹوں کی آئینی حیثیت پر معاونت طلب کی تو اٹارنی جنرل نے کہاکہ قانون کے مطابق ووٹرلسٹوں کی تیاری الیکشن کمیشن کی پہلی ذمہ داری ہے،، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ووٹرلسٹوں میں تاخیر کے باعث عدالت میں پٹیشن آئی،الیکشن کمیشن نے غیر مصدقہ اندراج کو تسلیم بھی کیا،،اگر ملک میں شفاف انتخابات نہ ہوئے تو پھر کیا ہوگا۔

مزید خبریں :