پاکستان
14 مارچ ، 2012

صدر کا استثنیٰ پارلیمنٹ ہی ختم کرسکتی ہے،وزیراطلاعات

صدر کا استثنیٰ پارلیمنٹ ہی ختم کرسکتی ہے،وزیراطلاعات

اسلام آباد…وفاقی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ صدر مملکت کو حاصل آئینی استثنیٰ سے متعلق وزیراعظم ، آئین سے باہر جاکر کام نہیں کریں گے اور سپریم کورٹ کو چاہیے کہ وہ کرپشن کی تعریف واضح کرے۔وزیر اطلاعات نے وفاقی کابینہ اجلاس کے فیصلوں کے حوالے سے اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ میں کہاکہ صدر کا استثنیٰ ، پارلے منٹ نے ہی دیا، وہ ہی اسے ختم کرسکتی۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم آئین سے باہر جاکر کام نہیں کریں گے، وزیراعظم ، آئین توڑنے والوں میں اپنا نام نہیں لکھوائیں گے،وزیراطلاعات نے کہاکہ سپریم کورٹ کو واضح کرنا چاہیے کہ کرپشن درحقیقت کیا ہے، کرپشن میں ملوث افراد کو بے نقاب بھی ہونا چاہیے اور ہمیں مہران بنک اسکینڈل کے نتائج کا انتظار ہے، وزیراطلاعات نے کابینہ اجلاس کے فیصلوں کے بارے میں بتایاکہ کابینہ نے کوہ ہندوکش ، ہمالیہ ریجن میں فوڈ انفارمیشن سسٹم کے قیام کی بھی منظوری دے دی ،وفاقی کابینہ نے قومی موسمیاتی پالیسی 2012ء کی منظوری دے دی، اس پالیسی کا مقصد موسمیاتی اور آب و ہوا کی تبدیلی کے بارے پیشگی اقدامات کو یقینی بنانا ہے، کابینہ نے ہندوکش ، ہمالیہ ریجن میں فلد سیکیورٹی کے اطلاعاتی نظام کے قیام کی بھی منظوری دے دی، کابینہ نے پولینڈ کے ساتھ مشترکا قانونی تعاون معاہدے کی بھی منظوری دی۔

مزید خبریں :