18 مارچ ، 2012
برلن …فارن ڈیسک… جرمنی میں نئے صدر کے انتخاب کیلئے رائے شماری ہوئی۔ جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق 72 سالہ یوآخم گاوٴک یقینی طور پر وفاقی جمہوریہ جرمنی کے 11ویں صدر منتخب کر لیے جائیں گے۔ انسانی حقوق کے احترام کے حوالہ سے کوششیں کرنے والے سماجی کارکن یوآخم گاوٴک پیشے کے اعتبار سے پادری ہیں۔ نئے وفاقی صدر کا انتخاب ایک خصوصی اجلاس میں ایک ایساوفاقی کنونشن کرے گا جو وفاقی پارلیمانی ارکان اور مختلف شعبوں کی نمائندہ سرکردہ شخصیات پر مشتمل ہے۔ جرمنی میں صدر کا عہدہ روایتی طور پر علامتی نوعیت کا ہوتا ہے۔ سابق صدر کرسٹیان وولف چند ہفتے قبل بدعنوانی کے الزامات کے باعث اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔ جرمنی کی اہم سیاسی جماعتوں نے یوآخم گاؤک کی حمایت کا ا علان کیا ہے جبکہ دوسری جانب رائے عامہ کے ایک جائزہ میں تقریباً 80 فیصد جرمن شہریوں نے ان کی حمایت کی ہے۔