29 ستمبر ، 2013
ساہی وال …وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ طالبان نے مذاکرات کرنے ہیں تو ہتھیار پھینک کر پاکستانی پرچم کے نیچے آ جائیں ، آئین کو تسلیم کریں۔ساہی وال ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ حکومت طالبان سے مذاکرات کے وعدے پر قائم ہے لیکن طالبان کے کئی دھڑے ہیں،یہ سمجھ نہیں آتی،کون بات کرے گا،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی بھارتی وزیراعظم سے ملاقات کے مثبت نتائج نکلیں گی۔ سرحدوں پر امن چاہتے ہیں ،متنازع معاملات پر سودے بازی نہیں ہو سکتی،بھارت کی جانب سے پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت بند ہونی چاہیے،جارحیت کی صورت میں منہ توڑ جواب دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے میں40سال کا گند ہے،جسے4سال میں ٹھیک کر دیں گے۔