پاکستان
01 اکتوبر ، 2013

بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی کا جن بوتل سے باہر

بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی کا جن بوتل سے باہر

کراچی …مہنگائی کا جن ایک بار پھر بوتل سے باہر آگیا،حکومت نے پہلے بجلی 5 روپے 89 پیسے فی یونٹ مہنگی کی، پھر پیٹرول 4 روپے 12 پیسے مہنگا کر کے پٹرول بم گرادیا۔ اشیائے صرف کی قیمتیں بڑھنے کا خوف بھی عوام کے سروں پر منڈلا رہا ہے۔ پہلے بجلی کی قیمتوں نے دیا عوام کو جھٹکا دیا پھر پیٹرول بم گرا اور اب اشیائے صرف کی قیمتیں بڑھنے کے آفٹر شاکس کا بھی خدشہ ہے۔ مہنگائی سے ادھ موئے عوام پر مزید بوجھ لاد دیا گیا۔ پہلے حکومت نے پیٹرول کی قیمت کو تیلی دکھائی اور پٹرول 4 روپے 12 پیسے مہنگا کردیا۔ڈیزل کی قیمت بھی 4 روپے 69 پیسے بڑھ کر 116 روپے 95 پیسے فی لٹر کی سطح پر پہنچ گئی۔عوام ابھی پیٹرول کی قیمتیں سن کر سنبھلے بھی نہ تھے کہ بجلی کی قیمتوں میں بھی کرنٹ دوڑا دیا گیا۔ اب بجلی آئے نہ آئے، بل بھرپور آئیں گے۔200 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے فی یونٹ مزید 5 روپے 89 پیسے جرمانہ بھریں گے۔ ایک ساتھ مہنگائی کے حملوں نے لوگوں سے ان کی قوت برداشت چھین لی ہے۔عوام پریشان ہیں جائیں تو جائیں کہاں۔پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں بڑھنے سے عوام ہل کر رہ گئے ہیں۔ لیکن یہ بھی جانتے ہیں کہ ابھی ان کے آفٹر شاکس اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافے سے آئیں گے۔ سفر کرنا تو مشکل ہو ہی گیا ہے دو وقت کی روٹی بھی مہنگی پڑ جائے گی۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے حکومت ٹھوس اقدامات کرے ورنہ مہنگائی کا طوفان سب کچھ اڑا کر لے جائے گا۔

مزید خبریں :