دنیا
30 اکتوبر ، 2013

ڈیلس :ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس

ڈیلس :ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس

ڈیلس …راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہخصوصی… ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ اور سدرن میتھڈس یونیورسٹی (SMU) کی جانب سے ساؤتھ ایشیا میں اقلیتوں اور ان کے خلاف ہونے والی زیادتیوں سے متعلق ایک روزہ کانفرنس مورخہ 25 جنوری 2014ء بروز ہفتہ منعقد ہو گی، اس بات کا اظہار ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے ذریعے کیا گیا جس کے مطابق 25 جنوری 2014ء کو ڈیلس میں SMU یونیورسٹی میں ہونے والی مذکورہ کانفرنس میں ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ساؤتھ ایشیا میں انسانی حقوق کے حوالے سے کام کرنے والی تنظیموں کے اعلیٰ عہدیداران اور امن کے داعی اسکالر اور صحافی شرکت کریں گے جبکہ کانفرنس کے مہمان خصوصی عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے معروف پاکستانی اسکالر پرویز ہود بھائی ہوں گے۔ مذکورہ کانفرنس میں امن کے قیام اور اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے کام کرنے والی تنظیمیں‘ یونیورسٹیوں میں قائم ادارے اور کمیونٹی آرگنائزیشن بھی حصہ لے رہی ہیں جن میں ڈیلس پیس سینٹر‘ یونیورسٹی آف نارتھ ٹیکساس‘ کیٹل بیری پیس انسٹیٹیوٹ سمیت کئی کمیونٹی آرگنائزیشن بھی شامل ہیں۔ کانفرنس میں انسانی حقوق کے ماہرین اور اسکالرز پر مشتمل مختلف سیشن منعقد ہوں گے جن میں ڈاکٹر حسن عباس (یونیورسٹی آف کولمبیا)‘ امجد محمود خان (لاس اینجلس کے اٹارنی)‘ ڈاکٹر ہما ڈار (یونیورسٹی آف برکلے)‘ پرشنت دھرما راج (انسانی حقوق کے علمبردار)‘ ایلس ڈلبیرا (ایمنسٹی انٹرنیشنل) اور دیگر شعبہ ہائے جات سے ماہرین شرکت کریں گے۔ کانفرنس کی میزبانی ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے ڈائریکٹران اور سدرن میتھڈس یونیورسٹی (SMU) کے ایمبری ہیومن رائٹس کے پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر رک ہیلپرن سرانجام دیں گے۔ دریں اثناء ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں کانفرنس کے پروگرام کو حتمی شکل دینے اور ساؤتھ ایشیا میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔ بورڈ نے اس ضمن میں اپنی تشویش ظاہر کی جبکہ بورڈ کے صدر ڈاکٹر قیصر عباس نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں بالخصوص اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور پاکستا ن کی ریاست اس سلسلہ میں اہم اقدامات کرے۔ اجلاس میں بورڈ کے اراکین جن میں ڈاکٹر قیصر عباس‘ سید فیاض حسن‘ ڈاکٹر پرتپال سنگھ‘ راجہ زاہد اختر خانزادہ‘ آفتاب صدیقی‘ آصف آفندی‘ راجہ مظفر کشمیری‘ سراج بٹ اور توصیف کمال کے علاوہ کمیونٹی رہنماء امیر مکھانی‘ ڈاکٹر جری خان اور ریڈیو اینکر ڈاکٹر مونا کاظم شاہ نے بھی شرکت کی جبکہ اس موقع پر بورڈ کے اراکین نے کانفرنس کی بھرپور کامیابی کیلئے اپنی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

مزید خبریں :