پاکستان
24 مارچ ، 2012

خواتین پر تیزاب پھینکنے والوں کو سرعام پھانسی پر لٹکایا جائے، الطاف حسین

خواتین پر تیزاب پھینکنے والوں کو سرعام پھانسی پر لٹکایا جائے، الطاف حسین

لندن … متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ فاخرہ کے چہرے پر تیزاب پھینکنے اور اسے خودکشی پر مجبور کرنے والے بلال کھر کو آئین اور قانون کے تحت سخت ترین سزا دی جائے اور خواتین کے چہروں پر تیزاب پھینکنے والے عناصر کو سرعام پھانسی پر لٹکایا جائے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے پنجاب کی سیاسی شخصیت کے بیٹے بلال کھر کی جانب سے 12سال قبل اپنی اہلیہ فاخرہ یونس کے چہرے پر تیزاب پھینکنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور تیزاب سے متاثرہ فاخرہ کی خودکشی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ گھریلو تنازع میں خواتین کے چہروں پر تیزاب پھینکنا اور انہیں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنانا انسانیت کی کھلی تذلیل ہے اور جو عناصر اس مذموم عمل میں ملوث ہیں وہ کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں فرسودہ جاگیردارانہ نظام اور جاگیردارانہ ذہنیت نے خواتین کے بنیادی انسانی حقوق غصب کررکھے ہیں اور خواتین کو زند ہ رہنے کے حق سے بھی محروم کردیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ خواتین کو ونی اورقرآن سے شادی جیسی غیرانسانی رسومات کی بھینٹ چڑھادیا جاتا ہے، پسند کی شادی کرنے پر انہیں کاری قرار دیکر بے رحمی سے قتل کردیا جاتا ہے اور انکے چہروں پر تیزاب پھینک کرخواتین کو عمر بھر کیلئے منہ چھپانے یا خودکشی کرنے پر مجبور کردیا جاتا ہے ۔ الطاف حسین نے صدر زرداری، وزیراعظم گیلانی اور وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک سے مطالبہ کیا کہ فاخرہ کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے اور فاخرہ کو ظلم وتشدد کا نشانہ بنانے والے بلال کھر کو عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے۔ الطاف حسین نے مقتول فاخرہ کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور انہیں یقین دلایا کہ متحدہ قومی موومنٹ مظلوموں کی ترجمان جماعت ہے جو مقتول فاخرہ کے لواحقین کو انصاف دلانے کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی ۔

مزید خبریں :