16 نومبر ، 2013
کراچی…الیکشن ٹریبونل نے کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں مبینہ دھاندلی اوراین اے 256 کے مزید 66 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کی تصدیق سے متعلق دائر درخواستیں مسترد کر دیں۔الیکشن ٹریبونل نے حلقہ این اے 249 سے منتخب ہونے والے متحدہ قومی موومنٹ کے رکن ڈاکٹر فاروق ستار کے خلاف مبینہ دھاندلی کے خلاف دائر درخواست دستاویزات کی تصدیق نہ ہونے کے باعث مسترد کر دی، درخواست پیپلز پارٹی کے عبدالعزیز میمن کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زبیرخان کی جانب سے این اے 256 کے مزید 66 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کی تصدیق کی درخواست بھی مسترد کردی گئی۔تحریک انصاف نے ایم کیو ایم کے اقبال محمد علی کی کامیابی کو چیلنج کر رکھا ہے، جبکہ الیکشن ٹریبونل پہلے ہی پی ٹی آئی کی درخواست پر 67 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کی نادرا سے تصدیق کراچکا ہے۔