19 نومبر ، 2013
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے گجرات میں یونیورسٹی کے ڈائریکٹرپروفیسرسیدشبیرحسین شاہ اوران کے ڈرائیورکے بہیمانہ قتل کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اوران کے اہل خانہ اورطلبہ سے دلی تعزیت کااظہارکیاہے ۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ اساتذہ طلبہ کوعلم کی روشنی سے منورکرتے ہیں اور ان کودہشت گردی کانشانہ بنا نے کامطلب علم کو آگ لگانے کے مترادف ہے ۔ الطا ف حسین نے تمام مکاتب فکرکے علمائے کرام اورمشائخ سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ خدارا اپنے اپنے چاہنے والوں کوسمجھائیں کہ وہ یہ غیراسلامی عمل کرکے نہ تواس گناہ کبیرہ کے مرتکب ہوں اورنہ ہی کوئی ایساعمل کریں جس سے ملک میں فساد کی آگ بھڑکانے کی سازشیں کرنے والوں کی سازشیں کامیاب ہوسکیں۔ الطاف حسین نے تمام مکاتب فکرکے عوام سے ایک مرتبہ پھراپیل کی کہ وہ صبروبرداشت اورتحمل کامظاہرہ کریں اورامن برقراررکھیں۔ انہوں نے سیدشبیر حسین شاہ اوران کے ڈرائیور کے اہل خانہ اوریونیورسٹی کے طلبہ سے دلی ہمدردی اورتعزیت کااظہارکیا۔