پاکستان
27 مارچ ، 2012

لوڈشیڈنگ کیخلاف فیصل آباد، لاہور میں احتجاج

لوڈشیڈنگ کیخلاف فیصل آباد، لاہور میں احتجاج

لاہور/فیصل آباد… بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف آج فیصل آباد اور لاہور میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ فیصل آباد میں تاجروں کی اپیل پرشٹرڈاوٴن ہے۔بجلی کے ستائے آج بھی سڑکوں پر ہیں ، مشتعل مظاہرین نے ٹائرجلائے اور گاڑیوں پر ڈنڈے برسائے ۔ فیصل آباد میں بجلی کی 16 سے 18 گھنٹوں کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف چیمبرآف کامرس اورتمام صنعتی تنظیموں نے آج ہڑتال کی کال دے رکھی ہے ، آج بھی مختلف علاقوں میں مظاہرین سڑکوں پرہیں۔ ڈی ٹائپ کے علاقے میں مشتعل مظاہرین نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردیا اورتوڑ پھوڑ کی۔ فیکٹری مزدور مختلف علاقوں میں احتجاجی ریلیاں نکال رہے ہیں ، تمام ریلیاں ضلع کونسل چوک پہنچیں جہاں صنعتکار اورمزدور وں نے احتجاجی دھرنادیں گے۔سمندری روڈ سے مظاہرین کی ریلی ضلع کونسل چوک پہنچ گئی جس میں شامل مشتعل مظاہرین نے گاڑیوں پر ڈنڈے برسائے اور توڑپھوڑ کی، جبکہ موٹروے کمال پورانٹرچینج اورملت روڈپر مظاہرین کے احتجاج کی وجہ سے ٹریفک مکمل طور پر معطل ہے، ہڑتال کی اپیل پرشہرمکمل طور پر بند اور ٹریفک سڑکوں سے غائب ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ادھر لاہور میں غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ستائے شہریوں اورتاجروں کے جگہ جگہ احتجاجی مظاہرے جاری ہیں،کئی علاقوں میں مظاہرین نے ٹائر جلا کر اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کر کے اپنے غصے کا اظہار کیا، اچھرہ میں مشتعل افراد نے لیسکو آفس پر دھاوا بول دیا شاہدرہ جی ٹی روڈ پر بجلی کی غیر علانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف تاجر اور اہل علاقہ سڑکوں پرنکل آئے اور لاہور آنے اور جانے والی ٹریفک کو شاہدرہ میں روک دیا، شہریوں نے حکومت کے خلاف شدیدنعرے بازی کی ، ٹائر جلائے، مین جی ٹی روڈ پر دو گھنٹے سے زائد ٹریفک معطل رہی ،مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا،مظاہرین کا کہنا تھاکہ بجلی کی 18گھنٹے لوڈشیڈنگ نے ان کا سکون لوٹ لیا ہے۔ لکشمی چوک میں مسلسل دوسرے روز تاجروں اور اہل علاقہ نے ٹائر جلا کر احتجاجی مظاہرہ کیا ،،حکومت کا علامتی جنازہ بھی نکالاگیا۔ نیا اچھرہ میں بجلی نہ ملنے پر مشتعل شہریوں نے لیسکو آفس کا گھیراوٴ کیا اور اندر گھس کر توڑ پھوڑ کی ، عملے نے بھاگ کر اپنی جان بچائی۔ شہریوں کاکہنا ہے کہ حکومت بجلی بحران کے فوری خاتمے کیلئے ہنگامی اقدامات کرے بصورت دیگر اپنے حق کے لیے انتہائی اقدام سے بھی گریز نہیں کیاجائے گا۔

مزید خبریں :