27 مارچ ، 2012
کراچی… وزیراطلاعات سندھ شازیہ مری نے ایم کیوایم کے کارکنان کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیوایم کے قائد کی اپیل پر کارکنان صبرکریں اور پرامن رہیں شرپسندی کرنے والے کسی سیاسی جماعت کا جھنڈا اٹھانے کے لائق نہیں ہیں۔پریس کانفرنس سے خطاب میں شازیہ مری نے کہاکہ منصور مختار اور ان کے بھائی کا قتل افسوسناک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت کے کارکن کا قتل بڑا نقصان ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ کچھ ماہ سے سیاسی جماعتوں کے کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ میں کمی ہوئی تھی۔وزیراطلاعات نے کہاکہ افسوسناک واقعے کے بعد کراچی اور سندھ کے دیگرشہروں میں جلاوٴ گھیراوٴ اور فائرنگ کے واقعات تشویشناک ہیں جس میں کئی جانیں بھی ضائع ہوچکی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے بھی معاملے کا سخت نوٹس لیا ہے اور ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے بھی کارکنان کو صبر اور پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہاکہ صورت حال حساس ہے پولیس اور رینجرز کی جوابی کارروائی سے جانی نقصان بڑا ہوتا ہے تاہم ملزمان کو گرفتار کرکے سامنے لائنگے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کے استحکام کو انتشار پسند قوتیں خراب کرنا چاہتی ہیں جلاوٴ گھیراو اور املاک کو نقصان پہنچانے والے کسی سیاسی جماعت کا جھنڈا اٹھانے کے لائق نہیں ہیں۔