27 مارچ ، 2012
اسلام آباد…مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے خیبر پختونخوا میں پارٹی کی تنظیم توڑ دی ہے،دوسری جانب سے امیر مقام نے اس فیصلے کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ق لیگ کی جانب سے جا ری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق چودھری شجاعت نے مسلم لیگ ق خیبرپختونخوا کی تنظیم توڑ دی ہے اور مسلم لیگ ق خیبرپختونخوا کے تمام عہدیدار فارغ کردیا گیا ہے ۔مسلم لیگ ق خیبرپختونخوا کی تین ماہ کے لئے آرگنائزنگ کمیٹی قائم کردی گئی ہے ۔پارٹی کی تنظیم توڑنے کی تجاویز مسلم لیگ ق خیبرپختونخوا کے مشاورتی اجلاس میں طے کی گئی تھیں ۔مسلم لیگ ق خیبرپختونخوا کا اب کوئی صدر،نائب صدر یا سیکرٹیری جنرل نہیں ہے،آرگنائزنگ کمیٹی 90 دن کے اندر مسلم لیگ ق خیبرپختونخوا کی تنظیم نو کرے گی۔دوسری جانب امیر مقام نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ چودھری شجاعت کے پاس ایسے کوئی اختیارات نہیں ہیں جس کے تحت وہ تنظیم کو توڑ دیں۔ پارٹی کا آئین گجرات میں تیار نہیں ہوا جو ایسے فیصلے کیے جائیں، اہم فیصلوں کے اختیارات پارٹی کی صوبائی کونسل کے پاس ہیں۔امیر مقام نے کہا کہ میں ابھی بھی مسلم لیگ (ق)خیبر پختونخوا کا صدر ہوں، صوبے کے کارکنوں کی اکثریت میرے ساتھ ہے۔ چودھری شجاعت کے پاس پارٹی کی تنظیم توڑنے کا اختیار نہیں،انہوں نے ذاتی مفادات کیلئے پارٹی کے نظریات فروخت کردیئے ہیں۔