14 دسمبر ، 2013
پٹیالہ…چوتھے مینز کبڈی ورلڈ کپ2013 کا فائنل آج دفاعی چمپئن بھارت اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ بھارت میں زورآزمائی اور داؤ پیچ سے بھرپور جاری میگا ایونٹ اختتامی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے اور دو ٹاپ ٹیموں پاکستان اور میزبان بھارت نے عمدہ کارکردگی کی بدولت فائنل میں جگہ بنا رکھی ہے۔ ایونٹ میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے امریکاکو زیر کر کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں میزبان اور دفاعی چمپئن بھارت نے انگلش ٹیم کو زیر کیا تھا۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہیں اور دونوں ٹیموں کی حالیہ فارم اور کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے فائنل میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ فائنل میں میزبان ٹیم کو ہوم کراؤڈ اور گراؤنڈ کی وجہ سے پاکستان پر نفسیاتی برتری حاصل ہو گی تاہم اگر گرین شرٹس اعصاب کو قابو میں رکھ کر کھیلی تو بھارتی ٹیم کو نہ صرف ٹف ٹائم دے سکتی ہے بلکہ عالمی ٹائٹل جیتنے کی بھی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس میگا ایونٹ کے فائنل میں بھی دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا ہوا تھا تاہم فتح بھارت کے نام رہی تھی۔