21 دسمبر ، 2013
کراچی…وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ ایس ایچ او شفیق تنولی نیک نیتی کے ساتھ کام کر رہے ہیں اسی لئے ان کو دہشت گردی کا نشانا بنایا گیا۔کراچی کے مقامی ہوٹل میں تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایس ایچ او شفیق تنولی پر حملہ قابل مذمت ہے۔ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شفیق تنولی پر حملے سے پولیس اہلکاروں کا مورال مزید بلند ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا ولی بابر کے سلسلے میں ایس ایچ او تنولی تحقیقات کررہے تھے،اگر عدالتوں میں درست طریقے سے تحقیقات کی گئی تو جرائم پیشہ افراد کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی مگر کوئی تاریخ نہیں دے سکتے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد صوبوں کو ان کے حقوق ملنے چاہیئے۔ وفاقی حکومت کو چاہیئے کہ آئین کے تحت صوبوں کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر نہ کرے۔