21 دسمبر ، 2013
اسلام آباد…تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کرنا چاہتی ہے تو قوم کو اعتماد میں لے کر علاقے کو خواتین اور بچوں سے خالی کرایاجائے۔ اسلام آباد سے جاری بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچے پہلے ہی ڈرون حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں، اب فوجی کارروائی کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں کے مصائب میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوجی کارروائی میں اضافے سے عسکریت پسندی اور دہشت گردی بڑھے گی، اگر فوج آپریشن کیلئے تیار ہے تو علاقے کو خواتین اور بچوں سے خالی کرایاجائے۔ عمران خان نے کہا کہ فاٹا براہ راست صدر کے ماتحت ہے ، پتہ نہیں وہ کیوں لوگوں کی حالت زار پر خاموش ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ فاٹا میں خواتین اور بچوں کو خوراک اور ادویات کی فراہمی کا بندوبست کیا جائے۔