29 مارچ ، 2012
اسلام آباد… سپریم کورٹ نے میمو کمیشن کو مزید 6 ہفتوں کی توسیع دیتے ہوئے ہوئے سابق سفیر حسین حقانی کو 4 دن کے نوٹس پر کمیشن یا سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہونے حکم برقرار رکھا ہے سپریم کورٹ میں میمو ایشوز پر درخواستوں کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں 10 رکنی خصوصی بنچ نے کی۔ سپریم کورٹ نے حسین حقانی کی ویڈیولنک سے بیان رکارڈ کرا نے کی درخوست غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ حسین حقانی کی وکیل عاصمہ جہانگیر چونکہ بیرون ملک ہیں ، وہ واپسی پر عدالت میں سماعت کے لئے درخواست دے سکتی ہیں۔ عدالتی آرڈر میں کہا گیا ہے کہ حسین حقانی کا خط 28 مارچ کو صبح 10 بجے موصول ہوا تھا جس میں خط کو خفیہ رکھنے کی درخواست کی گئی تھی۔ عدالت نے حسین حقانی کی استدعا منظور کرتے ہوئے ان کے خط کو آئندہ سماعت تک خفیہ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔