03 جنوری ، 2014
نئی دہلی…بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کا کہنا ہے وہ تیسری بار وزیر اعظم نہیں بنیں گے ۔دارالحکومت نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے نتیجے میں اگر کانگریس برسرار اقتدار آجاتی ہے تو بھی تو وہ وزیر اعظم بننے کے خواہش مند نہییں اور چاہتے ہیں کہ اب یہ ذمہ داری کسی نئے فرد کو سونپی جائے اور امید ہے کہ کانگریس جلد ہی متوقع امیدوار کے نام کا اعلان کردے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ راہول گاندھی اس سلسلے میں ایک معتبر اور مضبوط امیدوار ہیں اور امید ہے کانگریس اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ مناسب وقت پر کرے گی۔ نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے امکانات پر من موہن سنگھ کا کہنا تھا کہ یہ بھارت کے لئے تباہ کن ہوگا۔ پریس کانفرنس میں بھارتی وزیر اعظم نے مہنگائی، کرپشن اسکینڈلز اور کمزور معاشی ترقی پر اپنے افسوس کا اظہار کیا تاہم دیہی عوام اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے حکومتی اقدامات کا دفاع بھی کیا۔