30 مارچ ، 2012
لندن ... برطانیہ میں بریڈفورڈویسٹ کے ضمنی انتخابات میں جارج گیلووے نے10 ہزار ووٹوں کے فرق سے فتح حاصل کرلی ہے جو لیبر پارٹی کیلئے بدترین سیاسی شکست ہے۔مارشاسنگھ کی بیماری اور پھر استعفے کے سبب خالی ہوئی اس نشست پر الیکشن، لیبر پارٹی کو تاریخی طور پر مہنگا پڑگیا۔ پاکستانی نثراد عمران حسین کی شکست پر ان کے حامی مایوسی کا شکار ہیں جبکہ گیلووے کے حامیوں کا جشن جاری ہے۔ برطانیہ میں جارج گیلووے نے لیبر پارٹی کے گڑھ میں پاکستانی نثراد عمران حسین کو سرکاری نتیجے کے مطابق 10 ہزار ووٹوں سے شکست دے کرنشان عبرت بنادیا ہے۔ ریسپیکٹ پارٹی کے لیڈر اور مسلم دنیا کے مقبول برطانوی سیاستدان جارج گیلووے کی فتح کا اعلان سرکاری اعلان ہونے کے بعد ہی جشن کا آغاز ہوگیا۔ رسپیکٹ پارٹی کے نزدیک یہ اس بات کا بھی جشن ہے کہ کمیونٹی کی سیاست پر قیادت غالب رہی ہے۔ ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوا تو ہر ووٹ شمار ہوتے ہی لیبرپارٹی کے حامیوں کے چہرے مرجھاتے نظر آئے اور مایوسی کے سائے ہر گزرتے لمحے گہرتے ہوتے گئے جبکہ جارج گیلووے کی ریسپیکٹ پارٹی کے لیے ہر ووٹ فتح کانشان بنتا گیا اور عمران حسین کو ان کے اپنے وارڈ ہی میں گیلووے کے ہاتھوں شکست کی اطلاعات نے نتائج کئی گھنٹے پہلے ہی ظاہر کردیے۔ دن بھر گیلووے کے حامی ووٹرز کی بڑی تعداد پولنگ اسٹیشنوں پر نظر آئی تھی۔ یہ انتخابات برطانیہ کے اس علاقے میں ہوئے تھے جہاں حزب اختلاف لیبرپارٹی نے جنم لیا تھا۔ یہاں ووٹرز کی تعداد قریبا ساڑھے 64ہزار ہے اور ووٹنگ کا ٹرن آوٹ پچاس فیصد رہا۔