پاکستان
30 مارچ ، 2012

رینٹل پاور معاہدے غیرقانونی قرار ،راجہ پرویز کیخلاف کارروائی کا حکم

 رینٹل پاور معاہدے غیرقانونی قرار ،راجہ پرویز کیخلاف کارروائی کا حکم

اسلام آباد… سپریم کورٹ نے کرائے کے بجلی گھروں میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کے کیس میں فیصلہ دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ رینٹل پاور سے متعلق معاہدے غیر قانونی ہیں، اس کے ساتھ سابق وفاقی وزیر راجہ پرویز اشرف کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم بھی دے دیا۔ اس حوالے سے دائر درخواستوں پر فیصلہ14دسمبر2011کو محفوظ کیا گیا تھا۔آج جاری ہونے والا فیصلہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے تحریر کیا،عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملک کے منتخب نمائندے ملک کی خود مختاری کے لئے اپنا کردار کریں، کیس میں اراکین پارلیمنٹ نے بھی اپنا کردار ادا کیا، خواجہ آصف نے 21اکتوبر 2010کو فریق بننے کی درخواست دی، فیصل صالح حیات نے بیان دیا تھا کہ عدالت آر پی پیز کا نوٹس لے،اس میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی ہوئی، انہوں نے الزام لگایا کہ 5ارب ڈالر عوام کی جیب سے نکالے گئے، ایم ڈی پیپکو سمیت دیگر انتظامی افراد نے ان الزامات کی تردید کی، عدالت کا کہنا ہے کہ گلف کار کے، رشماں اور شرقپور رینٹل میں بڑے پیمانے پر بدعنوانیاں ہوئیں۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ واپڈا ، پیپکو، جینکو قوم کو بھاری پیمانے پر نقصان پہنچانے کے ذمہ دار ہیں۔ سپریم کورٹ نے سابق وفاقی راجہ پرویز اشرف کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :