پاکستان
13 جنوری ، 2014

چودھری اسلم کیس،تحقیقات کیلئے ایف بی آئی کی خدمات حاصل کرلی گئیں

چودھری اسلم کیس،تحقیقات کیلئے ایف بی آئی کی خدمات حاصل کرلی گئیں

کراچی…کراچی میں سی آئی ڈی کے ایس پی چوہدری اسلم قتل پر خود کش حملے کی تفتیش کرنے والے تحقیقاتی اداروں نے ایف بی آئی کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔پولیس کے مطابق چوہدری اسلم کے قافلے پر خود کش حملہ کی تحقیقات میں ایف آئی اے، سی آئی ڈی، ایس آئی یو، انویسٹی گیشن پولیس، رینجرز کا ایف ایس ونگ اور دیگر حساس ادارے اپنا اپنا بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق چوہدری اسلم قتل کیس میں تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تاہم اس سلسلے میں اب تک لگ بھگ 200 افراد سے معلومات حاصل کی گئی ہیں جبکہ 35 افراد کے بیانات ریکارڈ کیے جاچکے ہیں۔ جن میں 12 افراد کے بیانات ایسے ہیں جنہیں عدالتی کارروائی کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔ ایک تفتیشی افسر ایس پی نیاز کھوسو کے مطابق چوہدری حملہ کیس سے متعلق اب تک کی تمام تحقیقات حتمی نکتے تک پہنچ چکی ہیں اس سلسلے میں پیپ ورک مکمل کیا جارہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ زیر حراست افراد تفتیش کی سڑھیاں ہیں، ان سے ملنے والی اب تک کی معلومات ہی کی مدد سے کیس میں تیزی سے پیش رفت ہورہی ہے۔ تفتیشی ماہرین کے مطابق دہشت گردوں نے اس بار چوہدری اسلم پر حملے کی اس قدر بھر پور منصوبہ بندی کی تھی کہ وہ کسی بھی طرح بچ نہ پائیں۔ ایک تفتیشی ماہر کے مطابق ان پر حملے کے لئے کم سے کم تین ٹیمیں علاقے میں موجود تھیں اور ایک اندازے کے مطابق کم از کم 12 افراد نے کارروائی مکمل کی۔ ماہرین کے مطابق چوہدری اسلم کا قتل کراچی کا پہلا کیس ہے جس میں کالعدم تحریک طالبان کی مرکزی قیادت کو نامزد کیا گیا۔ اس سلسلے میں ہر پہلو کو کور کرنے کیلئے تحقیقاتی اداروں کے افسران امریکی تفتیشی ماہرین سے تکنیکی معاونت لے رہے ہیں۔

مزید خبریں :