پاکستان
30 مارچ ، 2012

عوام محلے اور بازار وں میں حفاظتی کمیٹیاں تشکیل دیں، الطاف حسین

عوام محلے اور بازار وں میں حفاظتی کمیٹیاں تشکیل دیں، الطاف حسین

لندن… متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ملک بھر میں دہشت گردی ، چوری ، ڈاکا زنی ، کاروں ، موٹر سائیکلیں چھیننے ، اسٹریٹ کرائم ، دکانوں پر مسلح جھتوں کے زبردستی بھتہ لینے ، اغواء برائے تاوان کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شدید تشویش کااظہار کیا ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر گلی ، محلے اور چھوٹے بڑے بازار میں حفاظتی کمیٹیاں تشکیل دیں۔ الطاف حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ آج حالات اتنے بھیانک اور گھمبیر ہوچکے ہیں کہ عوام کو حفاظتی انتظام کی غرض سے خود ہی میدان عمل میں آنا ہوگا، میری اپیلوں پر جب جب اور جہاں جہاں عوام نے مثبت ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے لبیک کہا ہے عوام اس بات کے خود گواہ ہیں کہ اس کے مثبت نتائج یہ سامنے آئے ہیں۔الطاف حسین نے کہاکہ ہر گلی کے آمنے سامنے کم از کم 10,10مکانوں کی قطاریں ہوتی ہیں اور اگر ان 20مکانوں میں سے 5,5افراد کی 8,8گھنٹے کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں تو ایسی صورت میں اس گھر کے فرد کی دوبارہ ویجیلنس کی ذمہ داری چوتھے یا پانچویں دن بعد آئے گی۔ الطاف حسین نے کہاکہ ویجیلنس کمیٹیاں اپنے پاس آلارم سسٹم کے علاوہ اسکاوٴٹ اور سول ڈیفنس والی سیٹی بجانے والی گھنٹیاں بھی اپنے پاس رکھیں اور کسی بھی چور ، اچکے ، لٹیرے کا گھیرا تنگ کرکے فوری طور پر اسے پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کریں اور جرائم پیشہ عناصر کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کریں۔ الطاف حسین نے عوام سے انتہائی دردمندانہ اپیل کی کہ جہاں آپ نے میری بہت سے ہدایتوں اور اپیلوں پر لبیک کہا ہے وہاں ایک ہفتے تک میری اس اپیل پر عمل کرکے دیکھیں۔

مزید خبریں :