15 جنوری ، 2014
نواب شاہ…نواب شاہ میں تیز رفتار ڈمپر اسکول وین پر چڑھ گیا، خوفناک حادثے میں 17 طالب علموں سمیت 20افراد کی زندگی کے چراغ گل ہوگئے۔ کل ضلع میں یوم سوگ منایا جائے گا اور عام تعطیل ہوگی۔دولت پور سے تعلق رکھنے والے طلباء نواب شاہ میں کوئز کمپی ٹیشن میں حصہ لینے کے بعد واپس جارہے تھے کہ قاضی احمد لنک روڈ پر ڈمپر اسکول بس سے ٹکراگیا ۔ حادثہ اس قدر خوفناک تھا کہ بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ ہرطرف قیامت صغریٰ کا منظر تھا۔ زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر پیپلز میڈیکل کالج اسپتال نواب شاہ منتقل کیا گیا، اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، حادثے کی اطلاع ملتے ہی بچوں کے والدین اور رشتہ داروں کی ایک بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی۔ڈاکٹروں کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 20 طالب علم، اسکول ٹیچر اور بس ڈرائیور شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والے طالب علموں کی عمریں 10 سے 16 سال کے درمیان تھیں۔ ایک زخمی بچی عائشہ کا کہنا ہے کہ وہ نواب شاہ میں کوئز کمپیٹیشن میں حصہ لینے آئے تھے واپس جاتے ہوئے یہ حادثہ ہوگیا۔ڈپٹی کمشنر علیم لاشاری کا کہنا ہے کہ جس جگہ حادثہ پیش آیا وہ ایک خطرناک موڑ ہے، جس کو ری ڈیزائن کیا جائے گا۔حادثے کے بعد ڈمپر کا ڈرائیور فرار ہوگیا۔ پولیس نے ڈمپر تحویل میں لے لیا ہے۔