16 جنوری ، 2014
اسلام آباد…سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت آج خصوصی عدالت میں کی جائے گی۔ عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کے لیے ملزم کو طلب کر رکھا ہے، عدم حاضری پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کے مقدمے کی سماعت کرے گی۔ عدالت نے ملزم پرویز مشرف کو آئین معطل کرنے کے الزامات کی فرد جرم پڑھ کر سنانے کے لیے طلبی کے سمن جاری کر رکھے ہیں۔ عدالت 16 جنوری کو طلبی کے حکم نامے پر عمل درآمد روکنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہہ چکی ہے کہ اسے اپنے فیصلے پر نظرثانی کا اختیار نہیں، ملزم کی عدم حاضری پر مناسب احکامات جاری کیے جائیں گے۔