پاکستان
16 جنوری ، 2014

کراچی: فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 8افراد ہلاک

کراچی: فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 8افراد ہلاک

کراچی…کراچی میں بدھ کو ایک بار پھر قانون نافذ کرنے والے ادارے ، سٹی وارڈنز اور عام شہری ٹارگٹ کلرز کا نشانہ بنے۔ رینجرز کی موبائل پر فائرنگ کرنے والا ملزم جوابی فائرنگ میں مارا گیا۔ رینجرز حکام کے مطابق ونگ کمانڈر کے ساتھ حفاظت پر مامور رینجرز موبائل پر برنس روڈ کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ملزمان فرار ہورہے تھے کہ ان کی موٹرسائیکل گر گئی اور وہ گلیوں میں فرار ہونے کی نیت سے بھاگے تو رینجرز اہلکاروں نے تعاقب کیا اور مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا، ملزمان کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک ملزم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔سہراب گوٹھ فلائی اوور کے قریب واقع گلبرگ ٹریفک پولیس چوکی میں ملزمان داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کردی، جس سے اس وقت چوکی میں موجود دو اہلکار وائس لیس آپریٹر اللہ دتہ اور اے ایس آئی ولی محمد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، واردات کے بعد ملزمان با آسانی فرار ہوگئے۔ رابطہ کرنے پر ایس ایس پی سینٹرل عامر فاروقی نے جیو نیوز کو بتایا کہ اہلکاروں کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا اور ملزمان موٹرسائیکل پر سوار تھے۔ ناظم آباد میں میٹرک بورڈ آفس کے قریب فائرنگ کر کے سٹی ٹریفک وارڈنز کے انسپکٹر محمود رضا کو قتل کردیا گیا۔لیاری میں کوئلہ گودام کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا، اورنگی ٹاؤن چار نمبر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، گلشن بہار میں خالی پلاٹ سے دو افراد کی لاشیں ملی ہیں، پولیس کے مطابق لاشیں کئی دن پرانی اور ناقابل شناخت ہیں، ملیر سعود آباد اور بھٹائی آباد میں فائرنگ سے دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔

مزید خبریں :