16 جنوری ، 2014
پشاور…پشاور میں تبلیغی مرکز میں دھماکا کے نتیجے میں 7افراد جاں بحق جبکہ 55افراد زخمی ہوگئے۔ہلاک ہونے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔پولیس کے مطابق پشاور میں چارسدہ روڈ پر واقع تبلیغی مرکز کے اندر دھماکا ہوا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تبلیغی مرکز میں واقع مسجد میں مغرب کی نماز ہورہی تھی لوگ جمع تھے کہ دھماکا ہوگیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جن میں سے لیڈی ریڈنگ اسپتال پہنچنے والے 7افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ55زخمیوں کو اسپتال لایا گیا ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔ زخمیوں کو مستقل طور پر اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔عینی شاہد حنیف کے مطابق آج جمعرات کی وجہ سے تبلیغی مرکز میں متعدد علاقوں سے تبلیغی ٹیمیں آئی ہوئی تھیں۔ مغرب کی نماز کی ایک رکعت ہوئی تھی کہ بم دھماکا ہوگیا جس میں بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوگئے۔واضح رہے کہ شبِ جمعہ کیلئے تبلیغی مرکز میں خصوصی اجتماع کیلئے مختلف علاقوں سے تبلیغی ٹیمیں آکر قیام کرتی ہیں اور جمعرات کو سیکڑوں کی تعداد میں لوگ جمع ہوتے ہیں۔ واقعے میں زخمی ہونے والوں میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔ دھماکے کی نوعیت کا فوری طور پر اندازہ نہیں ہوسکا،تاہم خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ دھماکا خودکش ہوسکتا ہے۔رش ہونے کی وجہ سیقریبی علاقوں میں ٹریفک جام ہوگیا ہے۔پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ دھماکے کی نوعیت جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ستون نمبر 69اور 70کے درمیان یہ دھماکا ہوا ہے اور دھماکے سے ایک فٹ سے بھی زیادہ گہرا ہوگیا ہے۔