22 جنوری ، 2014
نیویارک …امریکا کی شمال مشرقی ریاستوں میں ایک بار پھر برفانی طوفان نے زندگی کا پہیہ جام کردیا ہے۔ہائی ویز پر ٹریفک کا نظام تباہ، ہزاروں پروازیں منسوخ اور اسکولوں اور دفاتر پر تالے لگ گئے ہیں امریکا سے ایک برفانی طوفان کو گزرے جمعہ جمعہ آٹھ روز بھی نہ ہوئے تھے کہ ایک اور برفانی طوفان نے امریکی در پر دستک دیدی ہے اور اس دستک نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے۔ امریکا کی شمال مشرقی ریاستوں میں ہر طرف برف کے ڈیرے ہیں۔ شدید ہوا کے تھپیڑوں اور برفباری کے باعث حکام کو واشنگٹن کے زیادہ تر اسکولز اور سرکاری دفاتر بند کرانا پڑے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں ہونے والی برفباری گزشتہ تین سال میں ہونیوالے سب سے شدید برفباری ہوسکتی ہے۔حکام کے مطابق آئندہ دنوں میں واشنگٹن کے علاوہ نیویارک اور فلاڈیلفیا میں بھی ایک ایک فٹ تک برف پڑ سکتی ہے۔واشنگٹن سے بوسٹن جانے والی ہائی وے کئی کئی انچ موٹی برف سے ڈھکی ہوئی ہے جس کے باعث ہزاروں گاڑیاں سڑک پر ٹس سے مس بھی نہیں ہوپارہی ہیں۔واشنگٹن کے علاوہ ریاست نارتھ کیرولائنا ، ورجینیا اور کنیکٹی کٹ میں بھی تعلیمی ادارے بند کرادیے گئے ہیں۔برفانی طوفان کے باعث ملک بھر میں 2900 پروازیں منسوخ جبکہ ہزاروں تعطل کا شکار ہوگئی ہیں۔