پاکستان
28 جنوری ، 2014

پشاور :ملالہ کی کتاب کی تقریب رونمائی امن و امان کے پیش نظر ملتوی

پشاور :ملالہ کی کتاب کی تقریب رونمائی امن و امان کے پیش نظر ملتوی

پشاور…پشاور میں ملالہ یوسف زئی کی کتابI am Malala کی تقریب رونمائی امن و امان کے پیش نظر ملتوی کردی گئی،آصفہ زرداری کا کہنا ہے کہ ہمارے بولنے اور اظہار رائے کی آزادی کہاں ہے؟ جبکہ عمران خان کہتے ہیں کہ سمجھ نہیں آرہا ملالہ کی کتاب کی رونمائی کیوں روکی گئی۔آئی ایم ملالہ کی تقریب رونمائی باچا خان فاوٴنڈیشن کے تحت پشاور یونیورسٹی کے ایریا اسٹڈی سینٹر میں آج ہونا تھی۔پشاور یونیورسٹی کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے سیکورٹی فراہم کئے جانے سے معذرت کے بعد تقریب منسوخ کردی گئی ،ایریا اسٹڈی سینٹر کے ذرائع کاکہنا ہے کہ صوبائی وزرا عنایت اللہ خان اور شاہ فرمان نے تقریب ملتوی کرنے کا کہا تھا، تقریب منسوخ کرنے پر آصفہ بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں تحریک انصاف کی حکومت کے رویے کومایوس کن قرار دیتے ہوئے اسے سنسرشپ قرار دیا اور کہا کہ ہمارے بولنے اور اظہار رائے کی آزادی کہاں ہے؟۔تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کتاب کی تقریب رونمائی ملتوی ہونے پر برہم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سمجھ نہیں آرہا کہ ملالہ کی کتاب کی رونمائی کیوں روکی گئی، تحریک انصاف آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے۔

مزید خبریں :