پاکستان
28 جنوری ، 2014

عمر چیمہ کے اعزاز میں جاپان انٹرنیشنل پریس کلب میں تقریب

 عمر چیمہ کے اعزاز میں جاپان انٹرنیشنل پریس کلب میں تقریب

ٹوکیو… حکومت جاپان کی دعوت پر جاپان کے دورے پر آئے ہوئے پاکستان کے معروف صحافی عمر چیمہ کے اعزاز میں جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کی جانب سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جاپان میں مقیم پاکستانی و بین الاقوامی صحافیوں کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، اس موقع پر جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کی جانب سے عمر چیمہ کو صحافت کے شعبے میں بہترین خدمات پر خصوصی ایوارڈ بھی دیا گیا ، اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمر چیمہ نے کہا کہ انھوں نے ہمیشہ حق اور سچ کے لیئے آواز بلند کی ہے اور سچ اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ کی ہے جس پر انھیں کافی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے تاہم اس کام میں پیش آنے والی مشکلات کا ہمیشہ انھوں نے ثابت قدمی کے ساتھ مقابلہ کیا ہے ، عمر چیمہ نے کہا کہ پاکستان میں آزادی صحافت کو کافی مشکلات درپیش ہیں اور کوئی بھی ادارہ یا سیاستدان یا حکومت اپنے خلاف بولے جانے والے سچ کو پسند نہیں کرتی ، انھوں نے جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کی آزادی صحافت کے لیئے ہمیشہ آواز بلند کرنے کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کی جانب سے میڈیا کی آزادی کے لیئے بلند کی جانی والی آواز جاپان سمیت دنیا کے اہم طاقت کے مراکز میں سنی جاتی ہے ، اس موقع پر تقریب سے دیگر صحافتی اور کمیونٹی شخصیات نے خطاب بھی کیا اور عمر چیمہ سے مختلف صحافتی امور پر سوالات بھی کیے ، تقریب میں معروف صحافتی شخصیت ناصر ناکاگاوا ، راشد صمد خان ، تویاما کی معروف سماجی شخصیت اشرف صحارا ، رانا ابرار ، رانا عامر پاک جاپان چیمبر آف کامرس کے صدر مہر عظیم سمیت بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی ۔

مزید خبریں :