30 جنوری ، 2014
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ الطاف حسین کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں، اعلامیہ کے مطابق متحدہ کے قائد الطاف حسین نے قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ باطل قوتوں کے آگے سرنہیں جھکاؤں گا،میری جان کو کوئی نقصان پہنچے تو میری اتنی اپیل ہے کہ آپ میرے پڑھائے ہوئے حق پرستانہ سبق کو ہرگز نہ بھولیں اور کسی بھی قیمت پر حق پرستانہ مشن ، مقصد اور تحریک کو باطل قوتوں کی سازشوں کے آگے ختم کردینے کے بجائے اسے زندہ رکھنے کیلئے آپ سے جو قربانیاں دی جاسکیں وہ دیجئے اور منزل کے حصول تک میرے حق پرستانہ سبق کو یاد رکھیے۔میرے خلاف طرح طرح کی بہتان تراشیاں اور من گھڑت الزامات لگاکر مجھے اور تحریک کو بدنام کرنے کی متعدد بار سازشیں کی گئیں،تازہ ترین سازشوں نے میرے گرد جال بچھا دیا ہے اوربین الاقوامی سطح پرمجھ پر طرح طرح کے جھوٹے الزامات لگائے جارہے ہیں۔الطاف حسین نے خاص طور پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی ، منتخب نمائندوں اور ملک بھر کے چھوٹے بڑے تمام ذمہ داران اور کارکنان سے کہاکہ وہ میرے اس بیان کا انتہائی سنجیدگی سے نوٹس لیں اور میری بتائی ہوئی باتوں پر عمل کریں۔تمام ذمہ داران اپنے فرائض منصبی کو پہچانتے ہوئے ان پر عمل کریں اور کسی بھی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کریں۔