31 جنوری ، 2014
اسلام آباد…خصوصی عدالت نے پرویزمشرف کی میڈیکل رپورٹ سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کی بیرون ملک جانے کی درخواست مسترد کردی ۔عدالت نے پرویزمشرف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے۔خصوصی عدالت کا کہنا تھا کہ امریکامیں علاج کی درخواست قابل سماعت نہیں،پرویز مشرف کے امریکا میں علاج کی درخواست قابل سماعت نہیں۔ خصوصی عدالت کا یہ بھی کہنا تھا کہ مشرف نے عدالت میں حاضر نہ ہونے کے بارے میں مناسب جواز نہیں بتایا۔ عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کے 25لاکھ روپے کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے آئی جی اسلام آبادکو ہدایت کی کہ عدالتی حکم کی تعمیل کی جائے۔ خصوصی عدالت کا مزید کہنا تھا کہ پرویزمشرف کا نام ای سی ایل میں موجودہے۔ پرویزمشرف غداری کیس کی مزید سماعت 7فروری تک ملتوی کردی گئی۔ اس سے قبل پراسیکیوٹراکرم شیخ نے پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ پر 13 اعتراضات اٹھائے تھے۔خصوصی عدالت نے میڈیکل رپورٹ پرآج فیصلہ محفوظ کیا تھا۔