پاکستان
01 فروری ، 2014

موئن جودڑو:15 روزہ سندھ فیسٹیول کا افتتاح بلاول بھٹو نے کیا

موئن جودڑو:15 روزہ سندھ فیسٹیول کا افتتاح بلاول بھٹو نے کیا

موئن جودڑو…15 روزہ سندھ فیسٹیول شروع ہوگیا۔موئن جو دڑو میں سندھی ثقافت کی کہکشاں جگمگا اٹھی۔قدیم تہذیب پر مبنی پرفارمنسزاور دلکش گیتوں پر حاضرین جھوم اٹھے۔فیسٹیول کی افتتاحی تقریب 5ہزار سال قدیم تاریخی ورثے موئن جو دڑو میں منعقد کی گئی۔ تقریب کا افتتاح پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کیا جبکہ پیپلز پارٹی کے رہنماوٴں اعتزاز احسن، قمر الزمان کائرہ، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ،شرمیلا فاروقی اور دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ گلوکارہ عینی نے لوگ گیت پیش کیے جبکہ اداکار شہریار منور صدیقی اور اداکارہ عمیمہ ملک نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیے۔ تقریب میں لوک فنکاروں نے اپنے فن کے ذریعے سندھی ثقافت پیش کی ،ثقافتی رقص بھی پیش کیا گیا جبکہ ٹی وی ، فلم و اسٹیج کی مشہور شخصیات نے بھی خصوصی شرکت کی اور پرفارمنس سے حاضرین کو محظوظ کیا۔تقریب میں ماہرین آثار قدیمہ موئن جودڑو کی تاریخ پر روشنی ڈالیں گے۔ تقریب کیلئے 80 فٹ لمبا اور 60 فٹ چوڑا اسٹیج بنایا گیا۔موئن جو دڑو کے آثار قدیمہ اور ارد گرد کے علاقے کو کو مخصوص روشنیوں کے ذریعے منور کیا گیا ہے،تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سمیت 500 مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ فیسٹول کے دوران لوک فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جبکہ ماہرین آثار قدیمہ موئن جودڑو کی تاریخ پر روشنی ڈالیں گے ، فیسٹیول کی تقریبات 15 فروری تک سندھ کے مختلف شہروں میں ہوں گی۔

مزید خبریں :