02 فروری ، 2014
لاہور… ڈیوٹی مجسٹریٹ نے ایک لاکھ کے مچلکے پر کرکٹرعمراکمل کی ضمانت منظور کرلی، عمراکمل پر گذشتہ روز ٹریفک وارڈن سے جھگڑے کے بعد کارسرکارمیں مداخلت پرمقدمہ درج کیا گیا تھا۔ عمر اکمل کے والد کا کہنا ہے کہ دنیا نے دیکھا میرے بیٹے کے ساتھ زیادتی ہوئی،اگر اپنے ہیروزکے ساتھ ایساکرینگے تو دنیا بھی ہمارے ساتھ ایسا ہی کرے گی۔ عمر اکمل کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر میں جودفعات شامل کی گئیں وہ قابل ضمانت ہیں، یہ سب ایک منصوبے کے تحت کیاگیا ہے، عمراکمل کے ساتھ زیادتی ہوئی،عمر اکمل مقدمہ درج کرانے گئے توانہیں 5گھنٹے تھانے میں رکھا گیا۔عمراکمل پر گذشتہ روز ٹریفک وارڈن سے جھگڑے کے بعد کارسرکارمیں مداخلت پرمقدمہ درج کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق واقعہ فردوس مارکیٹ کے قریب پیش آیا جہاں عمر اکمل نے سگنل توڑا اور وارڈن کے روکنے کے باوجود گاڑی نہ روکی،پولیس کا کہنا ہے کہ عمر اکمل نے وارڈن کے ساتھ بدتمیزی کی اوراسے دھمکیاں بھی دیں جبکہ عمر اکمل کا موقف ہے کہ انہوں نے وارڈن سے کہا کہ انہیں جلدی ہے، ایک تقریب میں جانا ہے لیکن اس نے بد تمیزی کی اور مجھ پر تشدد کیا، جس سے چہرے پر زخم بھی آیا۔واقعے کے بعد عمر اکمل کے والد بھی لبرٹی تھانے پہنچ گئے ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق کرکٹر عمر اکمل اور ٹریفک وارڈن میں جھگڑا گاڑی کے کاغذات طلب کر نے پر ہوا۔