02 فروری ، 2014
پشاور…پشاور کے قصہ خوانی بازار میں تھاناخان رازق کے قریب واقع سینما گھر کے ہال کے اندر ہونے والے دو دھماکوں میں پانچ افراد ہلاک جبکہ 25 زخمی ہوگئے ، ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں اس واقعہ کے بعد ہنگامی حالات کا اعلان کردیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ حملے ہینڈ گرینیڈ سے کیے گئے ہیں، تاہم بم ڈسپوزل اسکواڈ والے اب تک نہیں پہنچے، جس کے باعث ابھی تک اسے کلیئر نہیں کیا گیا ہے،اسی وجہ سے ابھی واضح نہیں ہوسکا ہے کہ دھماکی اصل نوعیت کیا ہے اور یہ کس طرح سے کیے گئے ہیں۔جس وقت یہ دھماکا ہوا اس وقت سو کے قریب افراد سینما ہال کے اندر موجود تھے۔جیو نیوز کے مطابق پولیس اور ریسکیواہلکار سینما کے اندر موجود ہیں، جوکہ ریسیکوآپریشن میں مصروف ہیں، پولیس اہلکار اس وقت تلاشی کررہے ہیں تاکہ مزیدکسی خطرے سے بچا جاسکے۔لوگوں کو سینما ہال کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے، علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ادھر لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ ہے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد دی جارہی ہے۔