28 نومبر ، 2024
سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے الزام لگایا ہے کہ بشریٰ بی بی سے کوئی رابطہ نہیں ہورہا، ہمیں نہیں معلوم وہ کہاں ہیں، بشریٰ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی ٹیم کے حبس بے جا میں ہیں۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مریم وٹو نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کو نہیں معلوم کہ ان کو کہاں رکھا گیا ہے، بشریٰ بی بی علی امین گنڈا پور کی ٹیم کے حبس بجا میں ہیں۔
مریم وٹو نے بتایا کہ کل کے آپریشن کے کئی گھنٹے بعد تو ہمیں یہ معلوم ہی نہیں تھا کہ بشریٰ بی بی کہاں ہیں، بس یہی بتایا جارہا تھا کہ وہ خیبر پختونخوا چلی گئی ہیں لیکن مجھے یقین نہیں آرہا تھا کہ وہ اس طرح آرام سے نکل کر خیبر پختونخوا چلی جائیں گی کیوں کہ میں جانتی ہوں کہ وہ ڈی چوک رکنا چاہتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ان سے رابطہ نہیں ہورہا تھا، میں ان کی خیریت پوچھنے کیلئے سب کو کال کررہی تھی، پھر پتا چلا کہ وہ پختونخوا میں ہیں، میں نے کے پی حکومت کے لوگوں کو کہا کہ اگر وہ محفوظ ہیں تو ان سے کہیں ہم سے رابطہ کریں لیکن کوئی رابطہ نہیں ہوا، میں پوری رات سو نہیں سکی۔
مریم وٹو نے کہا کہ بدھ کی دوپہر تک میں سب کو کہتی رہی کہ بشریٰ بی بی اگر ٹھیک ہیں تو میرا ان سے رابطہ کروائیں پر کوئی رابطہ نہیں کروایا گیا۔ تاہم کچھ دیر بعد اپنی مدد آپ کے تحت میرا بشریٰ بی بی سے رابطہ ہوا اور میں نے سب سے پہلے یہی پوچھا کہ کیا آپ اپنی مرضی سے گئی ہیں؟ تو انہوں نے سیدھا کہا کہ نہیں، فائرنگ ہورہی تھی انہوں نے مجھے وہاں سے نکالا، پھر گاڑی کا ٹائر پنکچر ہوگیا، مجھے تو یہ بھی نہیں معلوم کہ میں اب کہاں ہوں۔
مریم وٹو کے مطابق ان کا بشریٰ بی بی سے رابطہ کافی مختصر تھا، اب پھر معلومات مل رہی ہیں کہ انہیں کہیں اور منتقل کیا گیا ہے۔
اینکر نے مریم وٹو سے سوال کیا کہ کیا بشریٰ بی بی علی امین گنڈاپور کی قیدی ہیں؟ اس پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ زیادہ ہوجائے گا اگر میں کہوں کہ وہ قیدی ہیں، پر وہ حبس بے جا میں تو ہیں، میں علی امین گنڈا پور کے ارادے پر سوال نہیں اٹھا سکتی۔
مریم وٹو نے کہا کہ مجھے حیرت ہے کہ اگر سکیورٹی کی وجہ سے بھی انہیں کہیں منتقل کیا گیا تو خاندان میں کسی کو تو معلوم ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے بشریٰ بی بی کا پوچھنے کیلئے علی امین گنڈا پور صاحب کو کافی کالز کیں،لیکن ان کی جانب سے کوئی کال بیک نہیں آئی،مجھے پختونخوا حکومت یا پارٹی قیادت کی جانب سے بشرٰی بی بی کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا جارہا کہ وہ اس وقت کہاں ہیں۔میں نے اس بارے میں سلمان اکرم راجا سے رابطہ کیا ہے اور کل عمران خان تک بھی یہ بات پہنچاؤں گی۔
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی کی اسلام آباد میں احتجاج کے دوران ہونے والے آپریشن میں اپنی گاڑی سے علی امین گنڈاپور کی گاڑی میں منتقل ہوکر فرار ہونے کی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جناح ایونیو پر آپریشن کے بعد بشریٰ بی بی اپنی گاڑی میں سیکٹرجی 8 پہنچیں، بشریٰ بی بی سیکٹر جی 8 میں اپنی گاڑی سے علی امین کی گاڑی میں سوار ہوئیں۔
ویڈیو میں علی امین گنڈاپور کی سکیورٹی ٹیم کی 2 گاڑیوں کو بھی دیکھا گیا۔بشریٰ بی بی رات 11 بج کر57 منٹ پر اپنی گاڑی سے علی امین کی گاڑی میں سوار ہوئیں۔
بشریٰ بی بی علی امین کی گاڑی میں سیکٹر جی 8 سے مارگلہ روڈ کی طرف روانہ ہوئیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور مارگلہ روڈ سے پیر سوہاوہ روڈ پر گئے اور پھر خیبرپختونخواکی طرف نکل گئے تھے۔