02 اپریل ، 2012
کراچی … آٹھ چوک پر فائرنگ سے پیپلزپارٹی لیاری کے نائب صدر حسن سومرو جاں بحق ہوگئے۔ کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس مقابلے میں ایک شخص کی ہلاکت کے بعد سے جاری مظاہروں نے شدید جھڑپوں کا رخ اختیار کرلیا ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ آٹھ چوک پر نامعلوم افراد کی فائرنگ پیپلزپارٹی لیاری کے نائب صدر حسن سومرو سر میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئے ہیں۔ نمائندہ جیو نیوز ظل حیدر کے مطابق آٹھ چوک پر پولیس اور مشتعل افراد میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران پولیس پر ملزمان کی جانب سے 3 دستی بم پھینکے گئے ، ملزمان نے ایک راکٹ بھی فائر کیا ۔ رہنما پیپلز پارٹی نبیل گبول کے مطابق پیپلزپارٹی لیاری کے نائب صدر حسن سومرو آٹھ چوک پر کھڑے تھے کہ نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی زد میں آگئے ۔ انہوں نے بتایا کہ حسن سومرو کے سر میں گولی لگی تھی ۔ ایم ایل او سول اسپتال نے حسن سومرو کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور شدید فائرنگ کے باعث پولیس اور ایمبولینسیں علاقے میں داخل نہیں ہوپارہی ہیں۔ پولیس اور نامعلوم ملزمان کے درمیان فائرنگ اور تصادم کے دوران آج 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں۔