19 فروری ، 2014
گوجرانوالہ…لاہور کے علاقے جوہر ٹاوٴن کے سیکڑ ای ون میں پیر اورمنگل کی درمیانی شب لرزہ خیز واردات میں تین سگے بھائیوں، دو خواتین اور تین بچوں سمیت بے دردی سے قتل ہونے والے 8افراد کی نماز جنازہ گوجرانوالہ کے دھوبی گھاٹ گراوٴنڈ میں ادا کردی گئی۔ تدفین چمن شاہ قبرستان میں کی جائے گی۔اس سے قبل قتل کیے گئے افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد لاہور سے گوجرانوالہ کی کمبوہ کالونی میں منتقل کردیا گیا تھا۔ جنازے میں شرکت کیلئے امریکا سے آنے والے مقتولین کے بھائی ڈاکٹرنصیر نے جیونیوز سے گفتگو میں کہا کہ ان کا بھائی نذیر نفسیاتی نہیں بلکہ کینسر کا مریض تھا، اپنے ہی خاندان کو قتل نہیں کرسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ نذیر پچھلے 10 سال سے کینسر سے لڑ رہا تھا، ایک سال قبل اس سے رابطہ ہوا۔ مقتولین کے بھائی ڈاکٹر نصیر نے مزید کہا کہ وہ قبل از وقت کسی قسم کی الزام تراشی نہیں کرنا چاہتے، فرانزک لیبارٹری کے ٹیسٹ کا انتظار کریں گے۔